بھارتی ریاست منی پور میں حالات کشیدہ، کرفیو نافذ ، انٹرنیٹ سروس معطل

02:33 PM, 9 Jun, 2025

نئی دہلی : بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں حالات ایک بار پھر بگڑ گئے۔ مسلسل کشیدگی اور مظاہروں کے بعد حکومت نے امپھل سمیت پانچ اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا ہے، جبکہ موبائل انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز پانچ دن کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔

صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین نے سڑکیں بند کیں، ٹائروں کو آگ لگائی، اور ایک بس بھی جلا دی گئی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ارمبائی ٹینگول نامی گروپ کے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے، جس نے وادی میں 10 روزہ شٹر ڈاؤن کی کال دی تھی۔

منی پور میں پچھلے دو سال سے مییتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان نسلی تنازع جاری ہے، جس میں سینکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور تقریباً 60 ہزار لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

تنازع زمین کی ملکیت اور سرکاری نوکریوں کے کوٹے جیسے معاملات پر شروع ہوا، مگر حکومت تاحال امن قائم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مودی سرکار پر جانبداری اور بحران کو مزید خراب کرنے کا الزام لگایا ہے۔

مزیدخبریں