بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں اور عیسائیوں کو ظلم کا سامنا ہے، صدر مملکت

12:20 PM, 9 Jun, 2025

اسلام آباد: عید الاضحیٰ کے موقع پر ایوانِ صدر میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت میں شدت پسندی کے بڑھتے رجحان پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہندوتوا نظریہ صرف اقلیتوں کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے ساتھ تعصب اور ظلم کیا جا رہا ہے، جبکہ برصغیر کے مسلمان اس خطے کی تاریخی اور ثقافتی بنیاد کا حصہ ہیں، جنہیں دیوار سے لگانے کی کوشش خطرناک نتائج دے سکتی ہے۔

صدر زرداری نے اس موقع پر پارٹی کارکنوں کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ورکرز ہی پارٹی کی اصل طاقت ہیں، اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ قابلِ فخر ہے۔

ملکی ترقی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت ہے، لیکن معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے زراعت پر بھرپور توجہ دینی ہوگی۔ کسانوں کو سہولیات دے کر ہم ملکی معیشت کو مستحکم بنا سکتے ہیں۔

آخر میں صدر زرداری نے کہا کہ اب وقت ہے کہ سب مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں، کیونکہ اتحاد اور مشترکہ کوششیں ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں۔

مزیدخبریں