سورج آگ برسانے لگا، ملک بھر میں شدید گرمی سے شہری بے حال

11:08 AM, 9 Jun, 2025

لاہور : ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج تپش کے ساتھ آگ برسا رہا ہے اور عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی گرمی کی شدت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں صبح سویرے ہی گرمی نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور کا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گرمی کے ساتھ ہوا میں نمی صرف 20 فیصد ہے، جس سے موسم مزید خشک اور جھلسا دینے والا ہو گیا ہے۔

ملک کے دیگر حصوں میں بھی حالات مختلف نہیں۔ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ ہے، جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بھی پارہ 4 سے 6 ڈگری زیادہ چل رہا ہے۔

گرمی کی شدت کے باعث شہری ٹھنڈے مشروبات، شربت، آئس کریم اور پانی کے سٹالز پر رش لگائے ہوئے ہیں۔ بازاروں اور گلی محلوں میں ہر جگہ ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ گئی ہے۔

طبی ماہرین نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ گرمی سے بچنے کے لیے احتیاط لازم ہے۔ باہر نکلتے وقت سر ڈھانپ کر رکھیں، ہلکے کپڑے پہنیں، پانی اور مشروبات کا استعمال بڑھائیں، اور خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو سخت گرمی سے بچا کر رکھیں۔

مزیدخبریں