دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مضبوط ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی: وزیراعظم

05:40 PM, 9 Jul, 2026

کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت، عسکری قیادت اور سکیورٹی ادارے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی عناصر ملوث ہیں اور بعض دہشت گرد گروہوں کو سرحد پار سے مدد حاصل ہے۔

اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ سکیورٹی حکام نے امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں