عالمی امن کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں، محسن نقوی 

02:57 PM, 9 Jul, 2026

نیویارک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ پولیس سربراہان کی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو درپیش موجودہ سکیورٹی چیلنجز قومی سرحدوں تک محدود نہیں رہے، بلکہ ان کی نوعیت عالمی ہو چکی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی، سائبر کرائم، منظم جرائم، منشیات و انسانی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ جیسے مسائل پوری دنیا کے لیے چیلنج ہیں۔ ان خطرات کا مقابلہ مشترکہ حکمت عملی اور عالمی تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

وزیر داخلہ نے زور دیا کہ ممالک کے درمیان اعتماد سازی، بروقت معلومات کا تبادلہ اور مؤثر رابطہ کاری عالمی سکیورٹی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات بھی کی، جہاں سیکرٹری جنرل نے امن مشنز میں پاکستان کے طویل المدتی تعاون کو سراہا۔

ملاقات میں عالمی امن و سلامتی، امن مشنز اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

مزیدخبریں