بلور خاندان کی ثمر بلور ن لیگ میں شامل، اے این پی کو بڑا سیاسی نقصان

02:53 PM, 9 Jul, 2025

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے طویل عرصے سے وابستہ بلور خاندان کی اہم شخصیت ثمر بلور نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

ثمر بلور، شہید ہارون بلور کی بیوہ اور بشیر بلور کی بہو ہیں۔ وہ 2018 کے ضمنی انتخاب میں اے این پی کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن منتخب ہو چکی ہیں۔ اب مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انہیں مخصوص نشست پر دوبارہ ایم پی اے بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یہ شمولیت عوامی نیشنل پارٹی کے لیے ایک بڑا جھٹکا سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ بلور خاندان کا اے این پی سے گہرا اور جذباتی تعلق رہا ہے۔ یہ خاندان خیبرپختونخوا کی سیاست میں قربانی اور بہادری کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ 2018 میں یکہ توت میں اے این پی کی انتخابی مہم کے دوران بم دھماکے میں ہارون بلور شہید ہو گئے تھے، جب کہ ان کے والد بشیر بلور بھی 2012 میں ایک خودکش حملے میں جان کی بازی ہار چکے تھے۔

مزیدخبریں