اسلام آباد: ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گلر نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال، اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو نے ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے قریبی دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان باہمی تعاون اور ہم آہنگی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ایویانکس، ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور تربیت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کریں گے تاکہ دفاعی منصوبوں پر عملی اقدامات جلد شروع کیے جا سکیں۔
ترک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کے مؤثر ردعمل اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل کی قیادت کو پاک فضائیہ کی مضبوطی کا ضامن قرار دیا۔
یاشار گلر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو جدید جنگی ٹیکنالوجی، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام (UAS)، اور مشترکہ صنعتی منصوبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام اور فضائی مشقوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اور اہم کوشش ثابت ہوا ہے، جو دونوں ممالک کے لیے طویل المدتی تزویراتی فوائد کا باعث بنے گا۔