اسلام آباد: پاک امریکا تعلقات اس وقت اپنی تاریخ کی مضبوط ترین سطح پر ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان میں ریکوڈک کے اہم معدنی منصوبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
امریکی سفارت خانے کے منسٹر کاؤنسلر برائے پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے درمیان تعلقات خوشگوار اور مضبوط ہیں، جو دونوں ممالک کے اقتصادی اور سفارتی تعلقات کی مضبوط بنیاد ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی نجی کمپنیاں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں اور یہ منصوبے مقامی باصلاحیت افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم کریں گے۔ اینڈی ہیلس نے کہا کہ تعلیم پاک امریکا تعلقات کا بنیادی ستون ہے، فل برائٹ پروگرام کو 75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ امریکا کی جامعات سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔
امریکی سفارتکار نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ متعدد مواقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی تعریف کر چکے ہیں اور موجودہ تعلقات دونوں ممالک کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔