دہشتگردوں پر خاموشی اور خواتین کے خلاف بدکلامی پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، عطااللہ تارڑ

02:50 PM, 9 Jan, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کالعدم ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ بن چکی ہے، پی ٹی آئی رہنما خواتین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں لیکن دہشتگردوں کے خلاف بولتے ہوئے ان کی زبان بند ہو جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی دہشتگردوں کو شہید کہتے رہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو سفارتی اور داخلی سطح پر نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کی انا کی وجہ سے ملک عالمی تنہائی کا شکار ہوا، تاہم موجودہ حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا۔

عطااللہ تارڑ کے مطابق 2025 پاکستان کے لیے عسکری برتری اور معیشت کی بحالی کا سال رہا ہے اور آج عالمی برادری پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو تاریخی جواب دیا اور پہلی بار دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے بھارت کے سات طیارے مار گرائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی آئی ہے جبکہ ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، جو ملکی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

مزیدخبریں