افغانستان بھائی ہے تو ہمیں لاشیں کیوں دے رہا ہے؟ فتنہ خارجیت کو کچلنا ہوگا: حافظ طاہر اشرفی

06:37 PM, 9 Feb, 2026

لاہور :پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر تکفیر اور خارجیت کی کوئی گنجائش نہیں، توہین اور تکفیر کرنے والوں کا علاج صرف 'پھانسی' ہے۔ لاہور میں مختلف مکاتبِ فکر کے سرکردہ علما کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے ملکی سلامتی اور خارجہ پالیسی پر دوٹوک موقف اختیار کیا۔
حافظ طاہر اشرفی نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے جنگ جیتنے پر حیرت کرنے والوں کو سورہ فیل کا ترجمہ دیکھنا چاہیے، معرکہ حق میں کامیابی ایمان سے ملتی ہے۔ انہوں نے افغانستان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا     "افغانستان ہمارا بھائی ضرور ہے لیکن یہ کیسا بھائی ہے جو ہمیں روزانہ لاشوں کے تحفے بھیج رہا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ افغانستان فرنٹ پر ہے لیکن ڈوریاں بھارت اور اسرائیل ہلا رہے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سانحہ راولپنڈی میں ملوث تمام دہشت گرد اور ان کے سہولت کار قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ     اپنی جان پر کھیل کر دہشت گرد کو روکنے والے شہید عون عباس کو سول اور عسکری ایوارڈ دیا جائے۔    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سیاست کے بجائے مساجد کو یرغمال بنانے والے شرپسندوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔
پریس کانفرنس کے دوران علامہ محمد حسین اکبر، ضیا اللہ شاہ بخاری اور مفتی رمضان سیالوی سمیت دیگر علما نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یہ پیغام دیا کہ پاکستان کے تمام مسالک دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ شرکاء نے متفقہ طور پر ملک و قوم کی سلامتی اور شہدا کے لیے دعا بھی کی۔

مزیدخبریں