اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، پشاور، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے آج سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں آج سے کل تک بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ مری اور گلیات میں بھی آج سے کل تک بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، قلات، تربت، چاغی، گوادر اور خاران میں بھی بارش کی توقع ہے۔ ژوب اور موسیٰ خیل میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔