نیپرا نے صنعتی و زرعی شعبے کے لیے اضافی بجلی پر رعایتی نرخوں کی منظوری دے دی

06:32 PM, 9 Dec, 2025

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی درخواست پر صنعتی اور زرعی شعبے کی اضافی بجلی پر رعایتی نرخوں کی منظوری دے دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن حکومت کو موصول ہو گیا ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق صنعتی اور زرعی شعبے کو اضافی یونٹس پر فی یونٹ 22.98 روپے چارج کیے جائیں گے، جو پہلے صنعتی شعبے کے لیے 34 روپے اور زرعی شعبے کے لیے 38 روپے تھے۔ اس سے صارفین کی اوسط بجلی کی قیمت میں واضح کمی متوقع ہے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ تین سالہ صنعتی پیکیج سے صنعتی اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ڈیٹا سینٹرز، کرپٹو مائننگ اور گرین فیلڈ صنعتیں بھی مستفید ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق، زراعت میں اضافی 100 یونٹ کے استعمال پر اوسط قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی اور صنعتی شعبے میں اضافی 1000 یونٹ پر تقریباً 5 روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔

پاور ڈویژن نے کہا کہ پیکیج کے اطلاق کے لیے نوٹیفکیشن کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، جس سے صنعتی اور زرعی شعبے کے لیے بجلی کی دستیابی میں بہتری آئے گی۔

مزیدخبریں