پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی

05:35 PM, 9 Dec, 2025

کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے دن ملک بھر میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق، 1900 روپے کی کمی کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 41 ہزار 862 روپے پر آ گیا ہے۔

اسی طرح، 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1629 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 78 ہزار 825 روپے ہو گئی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں ہر سال سونے کی طلب 60 سے 90 ٹن کے درمیان ہے، جس کی مالیت تقریباً 8 سے 12 ارب ڈالر بنتی ہے، تاہم اس کا 90 فیصد سے زائد کاروبار ابھی تک غیر رسمی ہے۔

پاکستان میں سونے کی 70 فیصد طلب شادیوں اور مختلف تقریبات سے جڑی ہوئی ہے، اور ملک سونے کی درآمدات پر بھی انحصار کرتا ہے۔ مالی سال 2024 میں پاکستان نے 1 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ریکو ڈیک منصوبہ آئندہ 37 برسوں میں 74 ارب ڈالر تک کی آمدنی پیدا کر سکتا ہے، اور اس سے 1 کروڑ 79 لاکھ اونس سونا حاصل کیا جا سکتا ہے، جس کی موجودہ قیمتوں کے مطابق مالیت تقریباً 54 ارب ڈالر ہے۔

مزیدخبریں