لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں شورش اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، جو ملک کے نظام اور معیشت کو پیچھے دھکیل رہی ہیں۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی سیاسی حریف پر ایک بھی سیاسی مقدمہ ثابت ہو گیا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔ ملک محمد احمد خان نے پی ٹی آئی کی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو کمزور کرنے اور فوج کے خلاف باتیں کرنے والے ملک کے مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں۔
سپیکر نے سپریم کورٹ میں سیاسی جماعتوں کے خلاف مقدمات اور سیاسی انتقام کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چند مقدمات صرف ایک جماعت کے خلاف چلائے گئے، جس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا۔
ملک محمد احمد خان نے نو مئی اور 10 مئی کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوجی تنصیبات، لاہور کور کمانڈر کا گھر اور قومی پرچم کو نشانہ بنایا گیا، اور یہ سب منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی سلامتی اور فوج کی مرکزیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔