پی ٹی آئی کی غیر ذمہ دارانہ حرکتیں ناقابل قبول، سلامتی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی:عظمیٰ بخاری

03:10 PM, 9 Dec, 2025

لاہور:پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی اور اس کے قائد کے حوالے سے سخت بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی اپنی غیر ذمہ دارانہ حرکات سے باز نہ آئی تو پارٹی پر پابندی لگانے کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر گورنر راج بھی نافذ کیا جا سکتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی کی سرخ لکیر پر کسی بھی قسم کی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کل پاکستان کے خلاف سرگرم تھے، وہ آج بھی ملک کے مفاد کے خلاف سرگرم ہیں، اور ایک ادارے کے سربراہ کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر کے خلاف لازمی ردعمل آئے گا۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ہری پور میں مقبول لیڈر کو مسترد کر کے واضح پیغام دیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے قائد کے رویے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحت اور رویے پر تشویش ہے اور ضرورت پڑنے پر طبی معائنہ کرانا چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ پاکستان کے مفاد کے خلاف کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قومی سلامتی ہر حالت میں مقدم رہے گی۔

مزیدخبریں