پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان 7 اہم معاہدوں پر دستخط

01:34 PM, 9 Dec, 2025

اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 7 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔ یہ دستخط وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر ابوووسو بیانتو کی موجودگی میں ہوئے۔

دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں میں ایک اہم معاہدہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے تھا۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی طلبا کو انڈونیشیا میں اعلیٰ تعلیم کے لیے خصوصی "انڈونیشین ایڈ سکالرشپ پروگرام" فراہم کیا جائے گا۔

اسی طرح، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی ترقی کے لیے بھی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ، تاریخی دستاویزات اور ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے دونوں ممالک نے ایک اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی ایک مفاہمتی یادداشت طے پائی، اور حلال تجارت اور سرٹیفیکیشن کے حوالے سے بھی ایک اور یادداشت پر دستخط ہوئے، جس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

صحت کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک نے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا، جس سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان صحت کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

مزیدخبریں