معاشی ترقی کے راستے کو ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار رہا ہے ، شہباز شریف

10:39 AM, 9 Dec, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے راستے کو ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف ڈیفنس فورسز  کا کلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے جنرل عاصم منیر کی معاونت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے پاکستان کے معاشی چیلنجز کو حل کرنے میں مدد فراہم کی۔

وزیراعظم نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان میں معاشی اصلاحات اور اقدامات کے نفاذ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، خاص طور پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی بدولت ممکن ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے حاصل ہونے والی حالیہ مالی امداد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ضروری اقدامات پر عمل کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے اور استحکام کی طرف لے جانے کا عمل ایک مشکل مرحلہ تھا، جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور قوم نے قربانیاں دیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن اب دنیا بھر میں ایک کامیاب ماڈل بن چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کا خواب انشاء اللہ جلد حقیقت بنے گا، اور استحکام کے بعد ترقی کے سفر میں مزید محنت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور خادم پاکستان، عوام کی خوشحالی اور ملک کی بیرونی قرضوں سے مکمل نجات تک محنت کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان قرضوں سے مکمل نجات حاصل کر کے معاشی طور پر خود کفیل ہو گا۔

مزیدخبریں