نئے 007 کی تلاش ، جیمز بانڈ کے لیے نوجوان اداکاروں کا آڈیشنز

04:09 PM, 9 Aug, 2026

لندن: ڈینیئل کریگ کے بعد جیمز بانڈ کا مشہور کردار کون نبھائے گا؟ اس حوالے سے جاری قیاس آرائیوں کے درمیان نئے 007 کی تلاش اب اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

ایمیزون ایم جی ایم کی جانب سے نئے جیمز بانڈ کے انتخاب کا عمل جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس سال کے اختتام تک اگلے بانڈ کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔

فلم کی پروڈیوسر ایمی پاسکل نے ’ڈیڈ لائن‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نئے اداکار کے انتخاب کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ امیدوار اداکاروں کے مزید آڈیشنز بھی لیے جانے کا امکان ہے۔

فلم کے ہدایتکار ڈینس ویلینیو بھی نئے بانڈ کے لیے ممکنہ امیدواروں سے ملاقاتیں اور براہِ راست رابطے کررہے ہیں، جس سے کاسٹنگ کے عمل میں مزید تیزی آنے کی توقع ہے۔

نئے 007 کے انتخاب میں اس مرتبہ کم عمر اور نسبتاً کم معروف اداکاروں کو ترجیح دیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق برطانیہ اور آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایسے اداکار زیرِ غور ہیں جن کی عمر 20 سے 30 برس کے درمیان ہو سکتی ہے۔

ایمی پاسکل کے مطابق ڈینیئل کریگ کے بعد نئے اداکار کے لیے جیمز بانڈ کا کردار سنبھالنا ایک بڑا چیلنج ہوگا، اس لیے ایسے فنکار کی ضرورت ہے جو کردار میں اپنی الگ شناخت اور تازگی پیدا کرسکے۔

نئی فلم کو جیمز بانڈ سیریز کا مکمل ری بوٹ قرار دیا جارہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نئی کہانی ڈینیئل کریگ کی بانڈ فلموں کے تسلسل کو آگے نہیں بڑھائے گی بلکہ فرنچائز کو ایک نئے انداز سے پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق فلم کی شوٹنگ 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ نئے جیمز بانڈ کے انتخاب کے بعد فلم کے دیگر اہم کرداروں اور پروڈکشن سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں