لاہور: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کو مسترد کردیا۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ دعوے سامنے آئے تھے کہ خوشدل شاہ قومی کرکٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ تاہم کرکٹر نے خود سامنے آکر ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں خوشدل شاہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق گردش کرنے والی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ان کا وطن اور گھر ہے، جبکہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ہمیشہ فخر کی بات رہی ہے اور یہ سلسلہ ان کی اولین ترجیح رہے گا۔
خوشدل شاہ نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر اعتماد نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ان کا تعلق مضبوط ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔