قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے یورپ روانہ،2 کروڑ روپے الاؤنس جاری

12:49 PM, 9 Aug, 2026

لاہور: پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم عالمی کپ میں شرکت کے لیے لاہور سے نیدرلینڈز اور بیلجیئم روانہ ہوگئی۔ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔

ہاکی ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان کی ٹیم بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گی۔

ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سکواڈ کے کھلاڑیوں کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کردی ہے۔ پی ایچ ایف کے مطابق کھلاڑیوں کو فارن ڈیلی الاؤنس کی مد میں مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں اور یہ رقم ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی ہے۔

فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم کے دورے سے متعلق تمام انتظامات مکمل ہیں۔ کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے سفری معاملات کے ساتھ ساتھ رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے کہا کہ کھلاڑیوں اور کوچز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا فیڈریشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ٹیم کی روانگی سے قبل تمام مالی اور انتظامی امور نمٹا دیے گئے ہیں۔

قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے اور ملک کا نام روشن کرنے کے پُرعزم ارادے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

مزیدخبریں