اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے اس بیان کی سختی سے تردید کی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کا کوئی طیارہ بھارتی فضائیہ کے ہاتھوں گرایا گیا ہے۔ انہوں نے اس دعوے کو بے بنیاد اور مذاق سے کم قرار نہ دیا۔
اپنے جاری کردہ بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے تباہ کیے اور جدید ایس 400 میزائل سسٹم کو بھی نشانہ بنایا۔ جنگ کے دوران پاکستان نے متعدد بھارتی ڈرونز کو بھی مار گرایا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ آزاد ذرائع نے بھارتی رافیل سمیت کئی طیاروں کے تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے اور پاکستان نے بھارتی ایئر بیسز کو بھی زبردست نقصان پہنچایا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی دعوے پر شبہ ہو تو دونوں ممالک اپنے طیاروں کے ڈیٹا کو شفاف اور آزاد ذرائع کے سامنے پیش کریں تاکہ حقیقت واضح ہو۔ انہوں نے کہا کہ جنگ جھوٹ سے نہیں بلکہ ثابت قدمی، مہارت اور اخلاقی بالادستی سے جیتی جاتی ہے۔
خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ بھارتی قیادت کے جھوٹے بیانات خطے میں ایٹمی تناؤ بڑھا سکتے ہیں اور کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی حملے کا فوری اور مؤثر جواب دینے کا اہل ہے۔