اسلام آباد: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 14 اگست کی پریڈ کی ریہرسل کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشنز محدود کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) کے مطابق، 11، 12 اور 13 اگست کو رات 8 بجے سے 10 بجے تک تمام پروازیں معطل رہیں گی۔ اس کے علاوہ، 6 تا 9 اگست اور 11 تا 14 اگست کے دوران صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بھی پروازوں کی آمد و روانگی متاثر ہو گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی ایئرلائنز سے رابطہ کر کے پروازوں کے اوقات کی تصدیق کر لیں، جبکہ ایئرلائنز کو شیڈول میں تبدیلی کر کے مسافروں کو آگاہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔