گوادر میں پانی کی قلت، وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس

04:53 PM, 9 Aug, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گوادر میں پانی اور بجلی کے سنگین مسائل پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور گوادر کے آبی بحران پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کو بتایا کہ گوادر میں ڈی سیلینیشن پلانٹس بجلی کی مسلسل بندش کے باعث پوری استعداد سے کام نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ خضدار سے گوادر تک قومی گرڈ لائن ناقص منصوبہ بندی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے وولٹیج میں اتار چڑھاؤ رہتا ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت گوادر میں پانی کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل کر رہی ہے، جبکہ ڈی سیلینیشن پلانٹس کو چلانے کے لیے پاور ہاؤس اور جنریٹرز کے ذریعے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے گوادر کے پانی اور بجلی کے دیرپا حل پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن، منصوبہ بندی کمیشن اور متعلقہ سیکرٹریز 15 اگست کو گوادر پہنچیں اور مسائل کا موقع پر جائزہ لے کر فوری اقدامات یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے تاکید کی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشاورت سے گوادر کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مقامی آبادی کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں