عالمی رہنماؤں کا وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ، ایران–امریکا جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کی تعریف

11:06 PM, 9 Apr, 2026

اسلام آباد : وزیرِاعظم شہباز شریف سے مختلف عالمی رہنماؤں نے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی ممکن بنانے میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے آغاز میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی جانب سے بھی ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔ گفتگو کے دوران قطری امیر نے پاکستان کی مؤثر سفارت کاری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

وزیرِاعظم نے عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہنے پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

اس موقع پر وزیرِاعظم نے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے خطے میں جلد امن و استحکام بحال ہو جائے گا۔
 
 
 

مزیدخبریں