قلات میں زلزلے کے جھٹکے

07:22 PM, 9 Apr, 2026

قلات: بلوچستان کے ضلع قلات میں آج زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کئی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق جھٹکے 4.8 شدت کے تھے اور زمین کی سطح سے 11 کلومیٹر گہرائی میں واقع تھے۔ زلزلے کا مرکز قلات سے تقریباً 50 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے اچانک آئے، جس سے گھروں کی دیواریں اور کھڑکیاں ہل گئیں۔ کئی علاقے کے لوگ خوف کے باعث کھلے مقامات پر جمع ہو گئے اور صورتحال کے معمول پر آنے کا انتظار کیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہنگامی صورتحال کے لیے تیار ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ایمرجنسی ٹیمیں چوکس ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری خوف سے بچیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں