کراچی میں منکی پاکس کا دوسرا کیس رپورٹ

06:47 PM, 9 Apr, 2026

کراچی: شہر قائد میں منکی پاکس وائرس کا دوسرا کیس سامنے آیا ہے۔ سندھ انفیکشنز ڈیزیز اسپتال کے ایم ایس، ڈاکٹر عبدالواحد راجپوت کے مطابق 22 سالہ نوجوان میں منکی پاکس کی تمام علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

ڈاکٹر عبدالواحد راجپوت نے بتایا کہ نوجوان نے کسی بھی بین الاقوامی یا ملکی سفر کا ریکارڈ نہیں دیا، جس سے خدشہ ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس مقامی سطح پر پھیل رہا ہے۔ متاثرہ نوجوان کراچی کے علاقے بفرزون کا رہائشی ہے۔

سندھ انفیکشنز ڈیزیز اسپتال کے مطابق اس سال پہلا کیس جنوری میں رپورٹ ہوا تھا اور یہ دوسرا تصدیق شدہ کیس ہے۔ اسپتال کے حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر منکی پاکس کی علامات جیسے بخار، جسم میں دانے اور تھکن پر نظر رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔

ماہرین صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے، جیسے کہ بھیڑ بھاڑ والی جگہوں سے گریز، متاثرہ افراد سے جسمانی رابطے سے بچاؤ، اور بار بار ہاتھ دھونا۔

سندھ حکومت اور صحت کے حکام نے یقین دلایا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں