عالمی معیشت میں ہلچل: تیل کی قیمتیں بڑھتے ہی بھارتی مارکیٹ کریش، پاکستان میں تاریخی تیزی

03:26 PM, 9 Apr, 2026

کراچی / نیویارک :عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافے نے بین الاقوامی مالیاتی مارکیٹوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ جہاں ایک طرف تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھارت سمیت بڑی ایشیائی معیشتوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، وہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے عالمی مندی کو مسترد کرتے ہوئے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل (WTI) اور برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں اچانک تیزی دیکھی گئی، جس کے بعد دونوں 98 ڈالر فی بیرل کی بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں اس اضافے سے عالمی سطح پر توانائی کے بحران اور مہنگائی میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
تیل مہنگا ہوتے ہی ایشیا کی بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کا طوفان آ گیا۔بھارتی اسٹاک مارکیٹ کو شدید دھچکا لگا اور انڈیکس 1.5 فیصد سے زائد گر گیا۔ جنوبی کوریا کا کاسپی انڈیکس 1.61 فیصد کی کمی کے ساتھ شدید دباؤ کا شکار رہا۔جاپان کے 'نکئی' اور ہانگ کانگ کے 'ہینگ سینگ' انڈیکس بھی 0.53 فیصد تک نیچے آ گئے۔
عالمی دباؤ اور ایشیائی مارکیٹوں میں مندی کے برعکس، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا غیر معمولی اعتماد دیکھا جا رہا ہے۔ پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس زبردست اضافے کے بعد ایک لاکھ 66 ہزار 518 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق، ملکی معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع کی بدولت پی ایس ایکس دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹ بن کر ابھری ہے۔

مزیدخبریں