لاہور / اسلام آباد :مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کے کامیاب معاہدے کے بعد بین الاقوامی فضائی آپریشن میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ عراق، شام، کویت اور قطر نے اپنی فضائی حدود کو ہر قسم کی کمرشل پروازوں کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے عالمی ہوابازی کی صنعت نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
طویل تناؤ کے باعث بند کیے گئے فضائی روٹس کھلنے سے خلیجی ممالک کے لیے پروازوں کا دورانیہ کم ہو گیا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عراق اور شام کی فضائی حدود کے استعمال سے ایندھن کی بچت اور سفری اوقات میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ پاکستان بھر کے ہوائی اڈوں پر غیر ملکی پروازوں کا شیڈول بحال ہو رہا ہے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے خلیجی ممالک کے لیے آپریشنز کا بھرپور آغاز کر دیا گیا ہے، جہاں سے گزشتہ چند گھنٹوں میں دبئی، ابوظہبی، شارجہ، بحرین، کویت، دوحہ، جدہ اور دمام کے لیے 9 پروازیں روانہ ہوئیں۔
پروازوں کی بحالی سے وہ ہزاروں مسافر جو کئی روز سے ایئرپورٹس اور ہوٹلوں میں پھنسے ہوئے تھے، اب اپنی منزلوں کی جانب گامزن ہیں۔ پی آئی اے سمیت دیگر نجی ایئر لائنز نے بھی اپنا فلائٹ آپریشن معمول پر لانے کے لیے اضافی عملہ تعینات کر دیا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں امن کی دستک: فضائی حدود بندش سے آزاد، پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع
02:49 PM, 9 Apr, 2026