اسلام آباد / واشنگٹن / تہران :پاکستان نے لبنان پر اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے عالمی بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز کی بندش اور امریکا کی جانب سے جوابی فوجی کارروائی کے انتباہ نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کو انتہائی دھماکہ خیز بنا دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کا ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی انسانی اصولوں کے منافی ہے۔ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو اس ننگی جارحیت سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
ایران نے سیکیورٹی خدشات اور بارودی سرنگوں کے خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے آبنائے ہرمز کو مکمل بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ متبادل بحری راستوں پر پاسدارانِ انقلاب کا کنٹرول ہوگا اور وہاں سے گزرنے والے جہازوں کو ’ٹول ٹیکس‘ ادا کرنا ہوگا۔ ایران نے اس صورتحال سے ثالث ممالک کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک حقیقی معاہدہ نہیں ہوتا، امریکی افواج خطے میں موجود رہیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال خراب ہوئی تو ایران پر ایسے حملے کریں گے جو پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور ہوں گے۔ ایران کو اسلحہ دینے والے ممالک پر 50 فیصد ٹیرف لگے گا۔
لبنان پر اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے: پاکستان کا سخت ردعمل
12:29 PM, 9 Apr, 2026