مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان اور سعودی عرب کا ہنگامی رابطہ، لبنان سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تشویش

11:29 AM, 9 Apr, 2026

اسلام آباد / ریاض :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور لبنان کی تازہ صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ظاہر کی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ خطے کو بڑے بحران سے بچانے کے لیے عالمی قوانین اور معاہدوں کا احترام ضروری ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ سے گفتگو کے فوری بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ اس رابطے میں بھی خطے کی مجموعی صورتحال اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب نے علاقائی معاملات پر اپنے موقف میں ہم آہنگی برقرار رکھنے اور مستقبل میں بھی باہمی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

مزیدخبریں