“تجارتی محاذ پر نئی جنگ، چین اور امریکا آمنے سامنے

11:26 PM, 9 Apr, 2025

امریکا :چین اورامریکا کے درمیان جاری معاشی کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکا نے چینی مصنوعات پر بھاری بھرکم 104 فیصد ٹیرف نافذ کر دیا ہے، جس کے ردعمل میں چین نے بھی امریکی درآمدات پر 84 فیصد تک محصول عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

چینی وزارت خزانہ کے مطابق، یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی اشیاء پر اضافی ٹیکس کے نفاذ کے بعد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب چینی وزارت تجارت نے چھ مزید امریکی کمپنیوں کو “ناقابلِ اعتماد اداروں” کی فہرست میں شامل کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں ان اداروں کے لیے چین میں تجارتی سرگرمیاں مزید مشکل ہو جائیں گی۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ چین کا ردعمل غیر ضروری ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیجنگ معاہدے کی سنجیدہ خواہش کے باوجود اس کی سمت سے لاعلم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چین تعاون کرے تو صدر ٹرمپ فراخدلانہ رویہ اختیار کریں گے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے چین کو الٹی میٹم دیا تھا کہ اگر منگل تک امریکی مصنوعات پر عائد جوابی ڈیوٹیاں ختم نہ کی گئیں تو امریکہ ٹیرف میں مزید 50 فیصد اضافہ کر دے گا۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان یہ تجارتی تنازعہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات پر اثر انداز ہو رہا ہے بلکہ عالمی معیشت بھی اس کشمکش سے متاثر ہو سکتی ہے

مزیدخبریں