لاہور : ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے موسم گرما کی تعطیلات کے بارے میں تجویز پیش کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کیا ہے۔
مراسلے میں پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی جائے اور شدید گرمی کے باعث جلد ہی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ سکولوں اور کالجوں میں ٹھنڈے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بچوں کو ہلکے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جائے۔
مزید براں، آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فوراً پابندی لگانے اور کلاس رومز میں پنکھوں اور کولنگ سسٹم کی فعال حالت میں رکھنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے سکولوں میں ابتدائی طبی امداد کے کاؤنٹرز قائم کرنے اور ہیٹ ویو سے متعلق تربیت یافتہ سٹاف کو ڈیوٹی پر رکھنے کی بھی تجویز دی ہے۔
اس کے علاوہ، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ معلومات کا تبادلہ بروقت اور مؤثر طریقے سے ہو سکے۔