محسن نقوی کی امریکی سینئر عہدیدار سے ملاقات، دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون پر زور

01:48 PM, 9 Apr, 2025

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کے حل کے لیے عالمی برادری کو پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تفصیل سے بات کی گئی، خاص طور پر دہشت گردی، سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایریک میئر نے پاکستان کی جانب سے مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جون میں اسلام آباد میں ہونے والا مشترکہ دہشت گردی کے خلاف ڈائیلاگ مزید تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے ایریک میئر کو پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کی جنگ عالمی مسئلہ ہے اور اس کا حل عالمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے ذریعے امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ ایریک میئر نے اس فورم میں پیش کردہ مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں امریکی وفد کے دیگر ارکان اور پاکستانی حکام بھی شریک تھے۔

مزیدخبریں