اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایرک میئر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی گئی۔ یہ وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان آیا تھا۔
وزیراعظم نے فورم میں امریکی وفد کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں بڑی صلاحیت موجود ہے اور امریکی کمپنیوں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی اہمیت پر بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور انسداد دہشت گردی جیسے اہم شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ایرک میئر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔