آبنائے ہرمز میں امریکی آبدوز قبضے میں لینے کا ایرانی دعویٰ

09:44 PM, 8 Sep, 2026

تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحری فورس نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی بغیر پائلٹ آبدوز کو روک کر اپنی تحویل میں لے لیا۔

ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی خودکار آبدوز آبنائے ہرمز کے داخلی راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہی تھی، تاہم ایرانی بحری اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے قبضے میں لے لیا۔

پاسداران انقلاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ آبدوز بغیر کسی عملے کے خودکار انداز میں کام کر رہی تھی اور آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ایرانی فورسز کے کنٹرول میں آگئی۔

ایرانی دعویٰ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے اثرات سمندری ٹریفک اور تجارتی آمدورفت پر بھی پڑ رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکا نے ایرانی دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل یا تصدیق جاری نہیں کی۔ واشنگٹن اس سے قبل بھی ایرانی فورسز کی جانب سے امریکی بغیر پائلٹ بحری آلات کو نشانہ بنانے سے متعلق دعووں کی تردید کر چکا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بھی ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے کہا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے ایک ریموٹ سے چلنے والے بغیر پائلٹ بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے، تاہم امریکی حکام نے اس دعوے کی بھی تصدیق نہیں کی تھی۔

مزیدخبریں