لندن: برطانوی وزیرخارجہ ایڈملی بینڈ نے دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری غیر قانونی ہے، اسرائیل کو غیر قانونی بستیوں کی تعمیر فوری طور پر روکنی چاہیے۔
برطانوی وزیرخارجہ نے اعلان کیا کہ اسرائیلی آبادکاری کے منصوبوں میں مدد فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ انہوں نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کو بھی غیر قانونی قرار دیا۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایڈملی بینڈ نے کہا کہ غزہ کے عوام گزشتہ تین سال سے انتہائی مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق غزہ میں 70 ہزار افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 20 ہزار بچے شامل ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں عام شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، اسپتالوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 60 فیصد گھر تباہ ہو چکے ہیں۔ برطانوی وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ میں جنگی جرائم کے شواہد موجود ہیں اور اسرائیل نے عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔
ایڈملی بینڈ نے کہا کہ برطانیہ غزہ سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کی حمایت کرتا ہے اور غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ میں بھرپور آواز اٹھاتا رہے گا۔
برطانوی وزیرخارجہ کے مطابق جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیوں میں 1200 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ غزہ کے شہریوں کی بھرپور مدد کرے گا اور غزہ کے طلبا کو برطانیہ میں خوش آمدید کہا جائے گا۔