اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں طرف سے پاک ایران تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ نواز شریف نے جنگ کے دوران ایران کے ساتھ ہمدردی اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
اسی دوران، بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین نے بھی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی، جہاں بنگلہ دیش میں پاکستانی طلبہ کے لیے 500 نئی سکالرشپ کا اعلان کیا گیا۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام میں بنگلہ دیشی بھائیوں کے لیے محبت برقرار ہے، جبکہ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات نسل در نسل بھائی چارے پر مبنی ہیں۔