سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے کسانوں کے لیے فوری امداد اور زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے ، بلاول بھٹو

03:20 PM, 8 Sep, 2025

مظفر گڑھ سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے، لیکن سب سے زیادہ نقصان پنجاب کو پہنچا ہے، خاص طور پر کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے تاکہ کسانوں کو بیج اور کھاد مفت یا آسان قسطوں پر فراہم کی جا سکیں۔

بلاول بھٹو نے لاہور، قصور اور ملتان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور بتایا کہ صورتحال انتہائی خراب ہے، جنوبی پنجاب کے لوگ بھی سخت مشکلات میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات میں تین مراحل ہوتے ہیں: ریسکیو، ریلیف اور بحالی، اور اب وقت ہے کہ حکومت متاثرین کی مکمل بحالی پر توجہ دے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے فوری مالی امداد فراہم کی جائے، کیونکہ یہ پروگرام پہلے بھی سیلاب متاثرین کے لیے کامیاب رہا ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے کہا کہ سیلاب کا پانی اب سندھ کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے لیے بھی تیاریاں ضروری ہیں۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ سیلاب کے خاتمے تک کسانوں کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں تاکہ ان کا مالی بوجھ کم ہو سکے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کریں، کیونکہ اگر ابھی عالمی سطح پر آواز نہیں اٹھائی گئی تو بہت دیر ہو جائے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ اس وقت سیاست کو ایک طرف رکھ کر صرف اور صرف عوام کی مدد پر توجہ دینی چاہیے۔ میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ مثبت رپورٹنگ کریں تاکہ ملک کے مختلف حصوں میں امدادی کام بہتر طریقے سے ہو سکیں۔آخر میں بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت صرف امداد کا ہے، اختلافات کا نہیں، اور ہمیں مل کر اس قدرتی آفت سے نمٹنا ہوگا۔

مزیدخبریں