اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات آج بھی دنیا کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں، اور پاکستان ہمیشہ سے ان مسائل کے پرامن حل کا حامی رہا ہے۔
اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت کئی بحرانوں، جنگوں اور عدم استحکام کا سامنا کر رہی ہے، اور ایسے وقت میں عالمی برادری کو مل کر مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ امن، ترقی اور استحکام آپس میں جُڑے ہوئے ہیں، اور ان اہداف کے لیے پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق، مختلف ملکوں کے پارلیمانی نمائندوں کے درمیان رابطے اور تبادلے وقت کی ضرورت بن چکے ہیں۔
اسحاق ڈار نے ماحولیاتی تبدیلی کو پاکستان کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ پاکستان کا عالمی آلودگی میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔
انہوں نے ماحولیاتی انصاف کے لیے دنیا بھر کے ممالک سے مل کر آواز بلند کرنے کی اپیل کی، اور کہا کہ صرف مل کر چلنے سے ہم اس بحران کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
آخر میں وزیر خارجہ نے عالمی اقتصادی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ ترقی پذیر ممالک کو بھی برابری کا حق ملے اور عالمی سطح پر ایک منصفانہ نظام قائم ہو سکے۔