کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے اپنے صارفین، خصوصاً مواد تخلیق کرنے والے کریئیٹرز کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب کریئیٹرز اپنی پوسٹس یا ریلز پر کیے گئے اپنے تبصروں کو "پن" (Pin) کر سکیں گے۔
اس نئے فیچر کا مقصد کریئیٹرز کو اپنی بات نمایاں انداز میں پیش کرنے، گفتگو کے رخ کو بہتر طریقے سے قابو میں رکھنے اور اہم معلومات یا وضاحت کو مؤثر طریقے سے سامنے لانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
فی الحال انسٹاگرام کے عام صارفین صرف دوسروں کے تبصروں کو پن کرنے کی سہولت رکھتے ہیں، تاہم اپنے تبصرے کو پن کرنے کا اختیار صرف "کریئیٹر اکاؤنٹ" رکھنے والے صارفین کو حاصل ہوگا۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ نیا فیچر تخلیق کاروں کو نہ صرف اپنی آواز کو نمایاں کرنے کا موقع دے گا بلکہ وہ بامقصد اور صحت مند گفتگو کا آغاز بھی کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ فیچر تخلیق کاروں کو اضافی سیاق و سباق فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
انسٹاگرام کی یہ تازہ ترین اپڈیٹ کریئیٹرز کے لیے پلیٹ فارم پر موجودگی کو مزید مؤثر بنانے اور ناظرین سے مضبوط رابطہ قائم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔