اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے بہادر جوانوں، افسران اور اہلکاروں کو دل سے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبے سے ملک کا نام روشن کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری آبی سرحدیں اور سمندری وسائل کتنے قیمتی ہیں، اور ہمیں ان کے تحفظ کا عہد دہرانا چاہیے۔ انہوں نے 1965 کی جنگ میں آپریشن سومنات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے اس تاریخی موقع پر بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر حملہ کر کے دشمن کے مواصلاتی نظام کو تباہ کر کے بے مثال بہادری دکھائی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج بھی پاک بحریہ ہماری آبی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے اور بحیرہ عرب میں طاقت کا توازن قائم رکھے ہوئے ہے۔ وہ بلیو اکانومی اور بندرگاہوں کی ترقی میں بھی اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ہمارے ملک کی حفاظت کا ستون ہے اور ہمارے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ آج ہم پاک بحریہ کے ہر سپاہی کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے قربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک بحریہ، ہماری مسلح افواج اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور کامیابی سے نوازے۔