لاہور/کراچی: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے پنجاب اور سندھ کے کئی شہروں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، گلیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں، جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سیہون شریف، سکھر، خیرپور، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ دو روز کے دوران مزید تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نالوں کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے عملے کو تمام چوکنگ پوائنٹس فوری صاف کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فیصل آباد، جہلم اور دیگر شہروں میں بارش کے باعث گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ جہلم میں موسلا دھار بارش کے بعد شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اعلان کر دیا گیا۔ کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 10 ستمبر تک پنجاب، سندھ اور جنوبی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جب کہ پی ڈی ایم اے (PDMA) نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ اور سندھ کے کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔