کناٹکا :کرناٹکا سٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ (KSPCB) کی ہدایت پر مقبول رئیلٹی شو ’’بگ باس کناڈا سیزن 12‘‘ کے اسٹوڈیو کو سیل کر دیا گیا ہے، جس کے باعث شو کو اچانک بند کرنا پڑا۔ انتظامیہ نے تمام شرکا کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کا حکم دیا۔
بورڈ کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ شو کے اسٹوڈیو نے ماحولیات کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت کے کام کیا اور صفائی کے قواعد کی پابندی نہیں کی گئی۔ اس دوران گندے پانی کا غیر قانونی اخراج، ناکارہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، اور مسلسل چلتے ڈیزل جنریٹروں کی وجہ سے ماحول میں آلودگی پھیل رہی تھی۔
کرناٹکا کے وزیر ماحولیات نے کہا کہ انتظامیہ کو متعدد بار انتباہ دیا گیا تھا، لیکن وہ ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرتی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمیں سخت قدم اٹھانا پڑا تاکہ ماحولیاتی نقصان کو روکا جا سکے۔‘‘
اداکار کچا سدیپ کی رہنمائی میں تیار کیا گیا یہ شو چند ہفتے پہلے شاندار انداز میں شروع ہوا تھا اور اسے اس کا سب سے بڑا سیزن تصور کیا جا رہا تھا۔ اچانک بندش نے نہ صرف شائقین کو مایوس کیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اس پر کافی بحث چھڑ گئی ہے۔
اب منتظمین کو قانونی چارہ جوئی کا مشورہ دیا جا رہا ہے تاکہ اس فیصلہ کو چیلنج کیا جا سکے۔