کیلیفورنیا : اوپن اے آئی نے اپنے اے آئی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو اب ایک ایسی جگہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں آپ مختلف مشہور ایپس کو براہ راست استعمال کر سکیں گے۔ یعنی اب آپ کو مختلف ویب سائٹس یا ایپس کے لنکس پر جانے کی ضرورت نہیں، بلکہ چیٹ جی پی ٹی کے اندر ہی یہ سب کام ہو جائیں گے۔
مثلاً آپ چیٹ جی پی ٹی سے ہی نئی اسپاٹی فائی پلے لسٹ بنا سکیں گے یا بکنگ ڈاٹ کام سے سفر کی بکنگ کروا سکیں گے۔ یہ سہولت ابھی کچھ مشہور ایپس جیسے بکنگ ڈاٹ کام، کینوا، ایکسپیڈیا اور اسپاٹی فائی کے ساتھ شروع کی گئی ہے۔
بس آپ کو چیٹ جی پی ٹی میں اپنی ضرورت کے مطابق کوئی ایپ شامل کرنی ہوگی، پھر آپ اسی چیٹ کے اندر رہ کر وہ ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر ابھی تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے، مگر یورپ میں یہ ممکن نہیں ہوگا۔ کمپنی نے بتایا ہے کہ آنے والے مہینوں میں اور بھی زیادہ ایپس شامل کی جائیں گی اور ایپ بنانے والوں کو مدد دی جائے گی، لیکن یہ واضح نہیں کہ وہ اس سے کیسے پیسے کمائیں گے۔
جب بھی آپ کوئی ایپ استعمال کریں گے تو چیٹ جی پی ٹی آپ سے اجازت لے گا اور بتائے گا کہ آپ کا کون سا ڈیٹا شیئر ہو رہا ہے۔ کبھی کبھار آپ کو اس ایپ کے اکاؤنٹ سے کنیکٹ بھی ہونا پڑ سکتا ہے۔