آئی فون صارفین کے لیے 5G سپورٹ میں تاخیر، ایپل کا نیا فیصلہ

08:07 PM, 8 May, 2026

اسلام آباد: پاکستان میں آئی فون صارفین کے لیے ایک تشویشناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں ایپل کمپنی نے اپنے ڈیوائسز پر 5G سروس کی مکمل سپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا عندیہ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل نے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ 2027 میں مارکیٹ کے سائز اور دیگر کاروباری و تکنیکی عوامل کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی آئی فون صارفین کے لیے 5G فیچر مکمل طور پر فعال کرے گا۔

وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے ذرائع کے مطابق کمپنی کا یہ فیصلہ پاکستان کی محدود مارکیٹ ویلیو اور مختلف تجارتی عوامل کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدی اسمارٹ فونز، بالخصوص آئی فونز پر زیادہ ٹیکسز کی وجہ سے پاکستان میں ایپل کی مارکیٹ پر منفی اثر پڑا ہے، جو اس تاخیر کی ایک بڑی وجہ سمجھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سام سنگ کے اسمارٹ فونز پر 5G سہولت پہلے ہی دستیاب ہے، جبکہ ملک کے ٹیلی کام آپریٹرز بھی مختلف مراحل میں 5G سروسز متعارف کرا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے رواں سال مارچ میں 507 ملین ڈالر مالیت کے 5G اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل کی تھی، جس کے بعد مختلف شہروں میں محدود پیمانے پر 5G ٹیسٹنگ کا آغاز کیا گیا ہے۔ تاہم آئی فون صارفین کو اس جدید سروس کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
 
 
 

مزیدخبریں