اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ’معرکہِ حق‘ کے بعد پاکستان ایک نئی اور توانا شناخت کے ساتھ دنیا کے نقشے پر ابھرا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت سے جنگ جیتنے کے بعد پاکستان نے ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف اپنا دفاع کرنا جانتا ہے بلکہ عالمی امن کا حقیقی داعی بھی ہے۔
عطا تارڑ نے پاک فوج کے معرکہ خیز جواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا پاک افواج نے دشمن کے طیارے گرا کر اس کا غرور مٹی میں ملا دیا، جس کا صدمہ بھارت آج تک محسوس کر رہا ہے۔
فیلڈ مارشل کی غیر معمولی جنگی حکمتِ عملی نے دشمن کے حوصلے پست کر دیے، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج چند گھنٹوں میں ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئی۔وفاقی وزیر نے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا دنیا دیکھ لے کہ بھارت دہشت گردی کا پشت پناہ ہے جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والا ملک ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، لیکن اگر اسے للکارا گیا تو اس کا جواب وہی ہوگا جو 'معرکہِ حق' میں دیا گیا تھا۔
عطا تارڑ نے زور دیا کہ 'معرکہِ حق' کی کامیابی کا راز بنیانِ مرصوص یعنی قوم، حکومت اور افواج کے بے مثال اتحاد میں چھپا ہے۔ یہ اتحاد دشمن کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سلامتی کی طرف اٹھنے والی ہر آنکھ پھوڑ دی جائے گی۔ آج کا پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط، متحد اور عالمی سطح پر باعزت ملک بن چکا ہے۔
بھارت جنگی زخموں سے اب تک نہیں نکل سکا، پاکستان امن اور جرات کا استعارہ بن گیا: وفاقی وزیر اطلاعات
11:55 AM, 8 May, 2026