جب پاکستان جواب دے گا تو دنیا دیکھے گی: ڈی جی آئی ایس پی آر

07:49 PM, 8 May, 2025

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر 15 مقامات پر حملے کے دعوے کو مسترد کیااور اسے من گھڑت، جھوٹا اور ڈرامہ بازی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان حملہ کرے گا تو وہ نہ صرف دکھائی دے گا بلکہ اس کی گونج پوری دنیا سنے گی۔

وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے پنجاب کے علاقے آدم پور سے چار میزائل فائر کیے گئے، جن میں سے ایک بھارتی شہر امرتسر میں جا گرا، جب کہ دو میزائل پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ ان میں سے ایک میزائل کو پنجاب کے علاقے ڈنگہ کے قریب تباہ کر دیا گیا، جس کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کا یہ دعویٰ کہ پاکستان نے 15 مقامات پر حملے کیے، سفید جھوٹ ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو میزائل حملوں کے ڈیجیٹل شواہد اور نشانات ضرور موجود ہوتے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بھارت نے کوئی خطرناک حملہ روکا ہوتا، تو وہ اپنے 5 جنگی طیارے کیسے کھو دیتا؟ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ داخلی سیاسی فائدے کے لیے ڈرامہ بازی کر رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ رہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج الرٹ ہیں اور قوم ہمیشہ کی طرح اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

اسی موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ بھارتی مسلح ڈرونز نے لاہور سمیت کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے بھارتی حملے کے دعوے کو سفید جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔

اسحٰق ڈار کے مطابق  پاکستان کی فضائیہ نے 75 سے 80 بھارتی طیاروں کا مقابلہ کیا اور 5 طیاروں کو مار گرایا، جو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب کے کسی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا اور بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے اسٹریٹیجک احتیاط سے کام لیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو پاکستان اعلان جنگ تصور کرے گا، اور ایسی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مزیدخبریں