لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارت کے بےگناہ شہریوں پر ڈرون حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اپنی جارحیت کا بھرپور خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے بھارتی ڈرونز کو بروقت گرانے پر پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی تعریف کی اور ان کے مؤثر ردعمل کو سراہا۔
مریم نواز نے کہا کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی بہادری پر قوم کو فخر ہے، اور بھارت کا غرور اس کے گرنے والے رافیل طیاروں کی صورت میں ملبے میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کو بزدلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اور بھارت کو ہر ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں کی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہر وقت الرٹ رہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال کا فوری جواب دیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ قوم پاک فوج کی مدد سے بھارت کے غرور کو مٹی میں ملا دے گی، اور افواج پاکستان کے ہر ادارے کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔