پاکستان کا نیا جنگی ترانہ "اللہ اکبر۔۔ تیار ہیں ہم" جاری

12:59 PM, 8 May, 2025

راولپنڈی : پاکستان کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ایک نیا جنگی ترانہ "اللہ اکبر۔۔ تیار ہیں ہم" ریلیز کیا گیا ہے، جو پاکستانی قوم کے جذبوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اس نغمے میں شامل شاعری بہت دل کو گرما دیتی ہے، اور اس کی طاقتور آواز نے سننے والوں کو نیا حوصلہ، عزم اور فخر عطا کیا ہے۔ نغمے کا مشہور مصرعہ "غالب ہیں، خدا کا وار ہیں ہم، لڑنے کیلئے تیار ہیں ہم" اب ہر پاکستانی کی زبان پر ہے۔

اس نغمے میں بھارت کو یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ نہیں جانتا کہ وہ کس قوم سے ٹکرا رہا ہے۔ نغمے میں کہا گیا کہ پاکستان ایک ایسی قوم ہے جو دینِ اسلام کے نام پر بنی، اور اس کی فوج ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کو اپنا مقصد مانتی ہے۔ پاک فوج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، اور اس کے پاس جدید ہتھیار، بہترین ٹریننگ اور طاقتور دفاعی نظام ہے۔

یہ نغمہ پاک فوج کی قربانیوں، بہادری اور قومی اتحاد کی نمائندگی کرتا ہے، اور اب یہ قوم کے ہر فرد کے دل کی آواز بن چکا ہے۔ اس میں گونجنے والا "اللہ اکبر" کا نعرہ سن کر دلوں میں جرات، حوصلہ اور نئی توانائی پیدا ہوتی ہے۔

یہ ملی نغمہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے آفیشل یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا، اور لاکھوں افراد نے اسے دیکھ کر اس کے پیغام کو سراہا ہے۔ اس نغمے میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، قومی عزم اور دفاع وطن کے جذبے کو اجاگر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں