پاکستان نے 12 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا ، 1 شہری شہید ،4 جوان زخمی ، پاک فوج

12:24 PM, 8 May, 2025

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اپنی میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ 7 اور 8 مئی کی رات بھارت نے دوبارہ پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 12 ہیرب ڈرونز بھیجے، جنہیں پاک فوج کے چوکنے اہلکاروں نے تباہ کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ڈرونز مختلف علاقوں میں گرائے گئے جن کا ملبہ وہاں موجود ہے۔

جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ یہ حملے لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب کیے گئے، جس میں لاہور کے قریب ہونے والے حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوگئے، اور میانو، سندھ میں ایک شہری شہید ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی فضائی حدود کی خلاف ورزی بہت سنگین ہے اور اس کا پاکستان کی مسلح افواج نے رات کے وقت بھی منہ توڑ جواب دیا۔ بھارت کی جانب سے ڈرونز بھیجنا ایک واضح جارحیت ہے اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیکھے کہ بھارت خطے اور دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور اس کے جنونیت پر مبنی اقدامات بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو پہلے بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا جب پاکستان نے اس کے 5 طیارے مار ڈالے تھے۔

مزیدخبریں